Tuesday, October 4, 2016

نصاب میں قرآن پا ک


پاکستانی عوام جہاں دہشت گردی،کرپشن ،بدامنی اوردیگرمسائل سے دوچار ہے وہیں پاکستانیوں کے لئے کچھ خبریں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہوتی ہیں ۔لبرل ازم اورسیکولرازم کی آڑ میں جس طرح سے اسلامی روایا ت سے پاکستانی معاشرے کو دور کرنے کی سازشیں عروج پر ہیں وہیں دینی طبقہ اس کوشش میں ہے کہ اسلامی اقدار کو کس طرح سے بچایا جائے ۔ایک طرف اگر دینی طبقہ دفاع پاکستان کونسل کی شکل میں پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے متحد ہوکرڈرون حملوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے(یہ احتجاج پرامن ہے جس میں کسی بھی شہری کو کسی بھی طرح سے ہراساں نہیں کیا جارہا)تودوسری طرف نصاب تعلیم کی طرف بھی یہی دینی طبقہ کوشش کررہاہے جس کی کوششیں الحمدللہ بارآورثابت ہورہی ہیں ۔وفاقی حکومت نے پہلی جماعت سے لے کر بارہویں جماعت تک قرآن پاک کی تعلیم کو نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر پاکستانی عوام نے خوشی کا اظہارکیا ہے ۔اس حوالے سے وفاق نے صوبوں سے رائے مانگ لی ہے۔وزیرمملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے بتایا کہ رائے ملنے کے بعد پورے ملک میں ایک ساتھ اس فیصلے کو لاگوکردیاجائے گا۔تمام مکاتب فکر کے علما ء کرام نے اس مسودے کا جائزہ لے کر تعریفی خطوط لکھ چکے ہیں۔پہلی سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن پڑھایاجائے گا جبکہ چھٹی سے بارہویں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کی تجویزد ی گئی ہے ۔
اسلام ایک دین فطرت ہے جوکہ دنیا میں امن وسکون اور انسان کو انسانیت کا سبق دینے کے لئے بھیجا گیاتھا ۔محمد عربی ﷺ کی ذات بابرکات پرنازل ہونے والی کتاب کی پہلی وحی کا لفظ ’’اقرا‘‘ ہے جس کا معنی ’’پڑھ ‘‘ ہے ۔ اب بھلا کوئی ان عقل کے اندھوں سے پوچھے کہ اسلام تعلیم کا دشمن کیسے ہوگیا ؟ قرآن مجید میں کئی جگہوں پر اللہ تبارک وتعالیٰ نے اس جہان رنگ وبو میں غوروفکر کرنے کی دعوت دی ہے ۔ میرے ایک بزرگ دوست فرمایاکرتے ہیں کہ جو بندہ قرآن کو سمجھ کر پڑھ لے وہ بندہ دہشت گردنہیں بن سکتا ۔ پاکستان میں تحریک طالبان پاکستان کے نام سے خوارج کا ٹولہ نمودار ہوا تو اس نے پاکستان میں خودکش دھماکے ،بم دھماکے اور دیگر دہشت گردانہ کاروائیاں کرکے اپنے آپ کو اسلام کے ساتھ نتھی کرنا شروع کردیا گو’ ضرب عضب ‘ نے ان بہروپیوں کے چہروں سے نقاب اتار دیا ہے لیکن یہ نظریات کی جنگ ابھی لڑنا باقی ہے ۔دینی مدارس کے طلبا تو قرآن وحدیث کو پڑھتے ہی ہیں لیکن اب چھوٹی کلاسوں سے لے کر کالج لیول تک قرآن پاک کی تعلیم پاکستانی حکومت نے نصاب کا حصہ بناکر ان دہشت گردانہ نظریات کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے ۔کوئی دور ہوتا تھا معاشرے میں داڑھی والے کی عزت ہوتی تھی اور شلوار کو اونچا رکھنا سنت نبوی ﷺسمجھا جاتا تھا لیکن انہیں دہشت کی علامت بنادیا ہے ۔مدارس جو اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحریک پاکستان کے ہراول دستہ کے سرخیل تھے ۔ جن کے فارغ التحصیل علما نے پاکستان حاصل کرنے کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں ۔ہم کو اپنی نئی نسل کو اسلام کا اصل چہرہ دکھانا ہے جس کو دہشت گردوں نے سایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گہنا دیاہے ۔دین دار طبقہ اس حوالے سے اپنی کوششوں میں مصروف عمل ہے لیکن اس میں پاکستانی عوام کو بھی اپنی اولاد کو اسلامی نظریات سے روشناس کروانے کی اشد ضرورت ہے۔گھروں کا ماحول اسلامی بنانے کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے فتنوں سے انہیں روشناس کروانا والدین کی بھی ذمہ داری ہے ۔اسلامی معاشرہ تبھی تشکیل پاسکتا ہے جب ہم خود اسلامی ماحول میں اپنے آپ کو ڈھال لیں ۔
  • Blogger Comments
  • Facebook Comments

1 comments:

  1. ماشاللہ, اللہ ہمیں قرآن کو سمجھ کر پڑھنے کی توفیق دے. اچھا قدم ھے

    ReplyDelete

Item Reviewed: نصاب میں قرآن پا ک Rating: 5 Reviewed By: Unknown