Tuesday, September 27, 2016

حریت کے آسمان پر جگمگاتا ہوا تارا

بعض نام ایسے ہوتے ہیں جو اپنے آپ میں کئی جہتیں رکھتے ہیں جسے سن کر بعض لوگ جذبہ احترام میں اللہ سے دعاکرتے ہیں کہ اس نام والے کو لمبی زندگی دے اور بعض لوگ نام ہی سن کر ڈر جاتے ہیں ۔ایسا ہی اک نام آسیہ اندرابی ہے کہ جس کا ذکر ہوتے ہی بھارت کا خون کھولنے لگتا ہے کیونکہ تمام تر کوششوں کے باوجود بھارت انہیں مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی جھنڈا لہرانے اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگانے سے روکنے میں ناکام ہوچکا ہے۔آپا آسیہ اندرابی کشمیر اور پاکستانی قوم کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔آسیہ اندرابی کشمیر کی بہادر بیٹی ہیں اور غاصب بھارتی فوج کی بندوقوں سے خوفزدہ ہوئے بغیر ہر اہم موقع پر پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے تقاریب منعقد کرتی ہیں۔ انہوں نے 14 اگست کے موقع پر ایک دفعہ پھر پاکستانی پرچم بلند کردیا اور پاکستان میں منعقد ہونے والی ایک ریلی سے ٹیلیفونک خطاب بھی کیا۔ اس سے پہلے مارچ میں بھی انہوں نے پاکستانی پرچم لہرا کر بھارت میں ہلچل مچادی تھی۔اور ان پر اب کی بار کی طرح غداری کا مقدمہ بھی بھارت کی طرف سے بنایا گیا تھا ۔1963ء میں پیداہونے والی آسیہ اندرابی نے گورنمنٹ ویمن کالج سرینگر سے گریجویشن کیا۔ جب انہیں مزید تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہ ملا تو انہوں نے اپنے طور پر ہی اسلامی لٹریچر کا مطالعہ شروع کردیا جس نے ان کی زندگی بدل دی۔ جلد ہی وہ سماجی و سیاسی تحریک جماعت اسلامی کے ویمن ونگ کا حصہ بن گئیں۔ 1985ء میں انہوں نے ’’دختران ملت‘‘ کے نام سے ایک توانا اصلاحی تنظیم کی بنیاد رکھی جو آنے والے چند سالوں کے دوران ایک متحرک اور مقبول تنظیم بن گئی۔اور کشمیری حریت پسندوں میں اس تنظیم کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔1990ء میں انہوں نے عاشق حسین فاکتو (جو محمد قاسم کے نام سے بھی مشہور ہیں) نامی حریت رہنما سے شادی کی جنہیں بھارتی حکومت نے ایک سماجی کارکن کے قتل کے الزام میں جیل میں ڈال رکھا ہے۔ویسے عجیب تماشا ہے کہ ایک سماجی کارکن کے مبینہ قتل پر اتنی لمبی جیل اور ہزاروں کشمیریوں کے قتل پر فوجیوں کو انعام؟ 1993ء میں آسیہ اندرابی کو ان کے شیر خوار بچے سمیت 13 ماہ تک گرفتار رکھا گیا اور اس کے بعد ان کی بار بار گرفتاری کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ اب ایک دفعہ پھر انہیں پاکستانی پرچم لہرانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے اور پاکستان سے محبت کے ’جرم‘ میں ان پر غداری کا مقدمہ چلانے کی تیاری کی جارہی ہے۔آسیہ اندرابی سمیت کئی ایسے جگمگاتے ستارے ہیں جو آسمان حریت پر روشن رہ کر کشمیری قوم کا سر فخر سے بلند رکھے ہوئے ہیں ۔

  • Blogger Comments
  • Facebook Comments

0 comments:

Post a Comment

Item Reviewed: حریت کے آسمان پر جگمگاتا ہوا تارا Rating: 5 Reviewed By: Unknown