Tuesday, October 4, 2016

23ستمبرسعودی عرب کا قومی دن

الملکۃ السعودیۃ العربیہ ایک ایسی ریاست جس میں جدید دور کی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ قال اللہ وقال الرسول ﷺبھی اس طرح موجودہے۔ بلکہ اسلامی شریعۃ پر دنیابھر کے تمام ممالک سے زیادہ عمل کیا جاتا ہے ۔محمد بن عبدالوہاب ؒ ؒ کی تبلیغ اورمحمدبن سعود ؒ کی سیاسی وجہادی قوت سے مملکۃ السعودیہ کی بنیاد رکھی گئی ۔آج بھی مملکۃ السعودیہ العربیہ میں آل شیخ اور آل سعود کا باہمی اتحاد واتفاق اس مملکت اسلامیہ کو مزید ترقی کی جانب گامزن کئے ہوئے ہے ۔23ستمبر کو سعودی عرب میں بطور قومی دن کے منایا جاتا ہے ۔سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز ہے جس میں حرم مکی و مدنی ہے۔دنیا بھر کے مسلمانوں کی تما م تر توجہ کا مرکز حرمین شریفین اور خادم الحرمین شریفین ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کے قومی دن پر عالم اسلام میں سعودی عرب کی حفاظت کے لئے دعائیں کی گئیں۔سعودبن محمد سے لے کر شاہ سلمان بن عبدالعزیز تک اس عظیم خاندان نے مملکۃ السعودیہ کو ایک فلاحی واسلامی ریاست بنانے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کو مستحکم کرنے اور عالم اسلام کو اتحاد کی جانب گامزن کرنے کی کوششیں رکھیں جو ہنوز جاری وساری ہیں ۔سعودی عرب اسلامی عقائد و دینی اقدارکے تحفظ کے لئے کلیدی کردار اداکررہاہے ۔آج جب عالم اسلام میں بدعات وخرافات کا بازار گرم
ہے اور نت نئے عقیدے آئے روز اسلام میں محبت کی آڑ میں داخل ہورہے ہیں تو اس وقت بھی سعودی عرب قرآن وحدیث کے مطابق اسلامی معاشرہ بنائے ہوئے ہیں ۔
جہاں عالم اسلام سعودی عرب سے خصوصی عقیدت و محبت رکھتے ہیں وہیں سعودی عرب کاحکمران طبقہ عالم اسلام سے انتہائی شفقت ومحبت والا معاملہ رکھے ہوئے ہے ۔پاکستان عالم اسلام میں واحد نیو کلیئر ریاست ہے اور پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات بنیادی نوعیت کے ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید گہراؤ آرہا ہے ۔آل سعود پاکستان کو اپنا بھائی اور دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔ پاکستان سے محبت کا اظہارمتعدد بار دوٹوک اور واضح الفاظ میں کرنے کے ساتھ عملی اقدامات سے بھی ثابت کیا۔پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے وقت پورا عالم کفر ناراض ہوگیا اور اقتصادی ومعاشی پابندیا ں پاکستان پر عائدکردی گئیں ۔اس کڑے وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی حوصلہ افزائی کی ۔ 1965ء میں جب پاک بھارت جنگ ہوئی تو پاکستان کی حمایت میں سب سے آگے سعودی عرب تھا ۔شنیدن ہے کہ پاکستان کی فتح پر سعودی عرب میں خوشیاں منائی گئیں ۔پاکستان میں جب بھی زلزلہ ،تھر پارکرمیں قحط ،سیلاب و دیگرمسائل کھڑے ہوئے سعودی عرب نے اسلامی بھائی چارے کے تحت پاکستان کی غیر مشروط امدادوحمایت کی ۔پاک بھارت جنگ ہو،روس کاافغانستان پر حملہ کی صورت میں افغان مہاجرین کی امداد ہو،مختلف اوقات میںآنے والازلزلہ ہو یا پھر 2010ء اور 2011میں آنے والے سیلاب جیسی صورت حال میں سعودی عرب کا کردارپاکستان کے ساتھ ہمیشہ بھائی جیسا رہا اور خادم حرمین شریفین نے دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی فورم پر اپنی حمایت کاثبوت عملی طور پر فراہم کیا ۔پاکستان میں 1966ء کے دورے میں شاہ فیصل ؒ نے اسلام آباد کی مرکزی مسجد کے سارے اخرجات اٹھانے کا اعلان کیااور یہ مسجد آج بھی شاہ فیصل مسجد کے نام سے دنیا بھرمیں جانی جاتی ہے ۔مانچسٹر آف پاکستان کہلانے والاشہر ’’لائل پور ‘‘ کا نام بھی شاہ فیصل کے نام پر فیصل آباد رکھا گیا ۔سقوط ڈھاکہ نے جہاں پاکستانیوں کو شدید صدمہ پہنچایا وہیں سعودی عرب کو اس کا شدید ترین صدمہ پہنچا یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے بنگلہ دیش کو قبول کرنے کے بعد بھی سعود ی عرب نے قبول نہ کیا ۔
عالم اسلام کو متحد کرنے اور انہیں ایک لڑی میں پرونے کی خاطر اور اقتصادیات ،تعلیم اور دوسرے موضوعات پر ماہرین کی عالمی کانفرنسیں طلب کرنے جیسے اقدامات کرکے سعودی عرب کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ایک دوسرے کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھ کر اور انہیں باہمی اتحاد و اتفاق سے حل کیا جاسکے ۔سعودی عرب کی کاوشوں اور مالی امداد سے دنیا میں اسلام کی تبلیغ کا کام تیزی سے جاری وساری ہے ۔سعودی عرب میں آنے والے دوسر ےممالک کے طلباء کو مفت کتابوں اور رہائش کے ساتھ ساتھ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے ۔حج کے لئے آنے والے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ان کی زبان میں قرآن پاک اور دیگر اسلامی لٹریچر مفت دیا جاتا ہے ۔مغربی وافریقی ممالک میں اسلام کی دعوت جس قدر تیزی سے پھیل رہی ہے اس میں سعودی عرب کا بنیا دی کردار ہے ۔مسلم ممالک کو درپیش فتنہ تکفیر اور دہشت گردی جیسے عناصر کا خاتمہ کرنے میں سعودی عرب پیش پیش ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر ان پر قابوپانے کی کوشش ہورہی ہے ۔34ممالک کے اتحادکے بعد سعودی عرب امت مسلمہ کی قیادت کرتا دکھائی دے رہاہے ۔سعودی عرب کے قومی دن پر ہم پاکستانی خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور پوری سعودی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعاگوہیں کہ اسلام دشمن قوتوں سے اللہ تبارک وتعالیٰ سعودی عرب سمیت تمام عالم اسلام کو محفوظ ومامون رکھے ۔آمین

  • Blogger Comments
  • Facebook Comments

0 comments:

Post a Comment

Item Reviewed: 23ستمبرسعودی عرب کا قومی دن Rating: 5 Reviewed By: Unknown