Tuesday, October 4, 2016

پاکستان تبدیلی کی جانب گامزن


پاکستان جو ضرب عضب سے پہلے ایک ناکام اسٹیٹ کے طور پرسمجھا جارہاتھا اورکراچی کی صورت حال کودیکھتے ہوئے لگتاتھا کہ پاکستان کواس کے دشمن مزید تقسیم کرنے کی سرتوڑ کوششوں میں کامیاب ہوہی جائیں گے ۔ لیکن جہاں قدرت نے ضرب عضب کے ذریعے اسلام دشمنوں کے ارادوں کو خاک میں ملایاوہیں کراچی آپریشن میں بھتہ خوری،کرپشن،بوری بند لاشیں اور پرچی مافیا کاکاروباربھی بندکیا ۔کراچی بدل رہاہے ،پوراسندھ بدل رہاہے بلکہ پوراپاکستان ہی بدل رہاہے ۔وہ جوکل تک پاکستان کوتوڑنے کی باتیں کرتے تھے آج اپنے آپ کو چھپاتے پھرتے ہیں ۔ کوئی صاحب فراش ہوچکاہے تو کوئی کسی دوسرے ملک میں بیٹھ کر دن گن رہاہے ۔ایم کیوایم کے اکلوتے بھائی الطاف حسین کے قریبی ساتھی انہیں چھوڑ رہے ہیں ۔ الطاف حسین بیمار ہیں اور عدالتی حکم کے مطابق پندرہ دن بعد ان کی بیٹی ان سے ملنے جاتی ہے ۔ایم کیوایم نے ایک لمبے عرصے تک کراچی پراپنی حکومت منوائی ہے ۔لسانیت کے نام پر بننے والی ایم کیوایم نے لسانیت سے بڑھ کرکچھ
’’کارہائے نمایاں ‘‘سرانجام دئیے ہیں ۔ جن کووقت کاپہیہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے سامنے لائے گا۔مصطفی کمال،انیس قائم خانی،افتخارعالم اوروسیم آفتاب جیسے لوگوں کا متحدہ کے قائد کو چھوڑکرایک علیحدہ جماعت بنانااورایم کیوایم کا بھارتی خفیہ ایجنسی سے تعلق ہونا ،ایم کیو ایم کے خاتمے کے لئے کافی ہے ۔مصطفی کمال اور انیس قائم خانی صرف دوافراد نہیں ہیں ایک جذبہ وعزم ہے۔مہاجروں پرسیاست کا دروازہ بند نہیں کیاجاسکتا لیکن کسی کو بھی ملک دشمنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی چاہے وہ اردواسپیکنگ ہو یاپھر پنجابی بولنے والا۔
پاکستانی دفاعی ادارے کوشش میں ہیں کہ پاکستان کو دشمن عناصر سے پاک کیا جائے ۔ بہت سوں کی دُم پرپاؤں آچکاہے کچھ کی توباقاعدہ چیخیں بھی سنائی دے رہیں ہیں ۔کرپشن ملک کاایک ایسا ناسور ہے جس نے دہشت گردی کی حد تک پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے۔اس وقت آپ کسی بھی سول ادارے میں چلیں جائیں رشوت دے کر آپ کو اپنا جائز کام تک کروانا پڑتا ہے ۔جب میرٹ کی دھجیاں ہونگی تو بے روزگاری ہوگی ،بے روزگاری ہوگی تو پڑھالکھا طبقہ اپنی ڈگریوں کو فراڈ ،دھوکہ دہی اور جرائم پرقربان کردے گا ۔ایسے میں اگر کرپشن زدہ معاشرے میں کچھ بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالا جائیگا توامید واثق ہے کہ اس کا اثر نیچے تک آئے گا۔اگر کراچی میں امن قائم ہوجاتاہے تو اس کا اثر معیشت پرلازمی پڑے گا ۔ کورکمانڈر نوید مختار ایک درددل اور عزم وہمت والی شخصیت ہیں ۔مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے والے ہیں اور اپنے آپ کو یاددہانی کرواتے رہتے ہیں کہ لمبا سفر اوروقت مختصر ۔جنرل بلال کی صور ت میں ایک جارحانہ مگرمخلص اوردیانت دار ساتھی کورکمانڈر کو ملاہواہے جو کراچی کو ہاتھ کی لکیروں کی طرح پہچانتاہے ۔عسکری قیادت کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت بھی ایک پلیٹ فارم پر ہیں اور یہ بالغ نظری ہے ۔سب سے اہم دہشت گردی کا خاتمہ ہے ۔تحریک طالبان پاکستان اور دوسرے عسکری ونگز جن کا ان داتا بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ہے ۔مجاہدین کالبادہ اوڑھے اپنی ظاہر شکل وصور ت مسلمانوں کی بنائے ہوئے یہ مذہب وملت کے دشمن کبھی مساجد،کبھی امام بارگاہوں ،کبھی مزاروں ،کبھی شاپنگ مالزتوکبھی اسکولوں کالجوں پرحملے کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک ناکام ریاست کے طور پردنیا کے سامنے لانے کے ساتھ ساتھ اسلام کو ایک دہشت گرد مذہب کے طور پر دنیا کو منوایا جائے ۔سیکولر طبقہ جو مذہب کو سوائے چند عبادات کے کچھ بھی نہیں سمجھتا ۔ اپنی مکمل کوشش میں ہے کہ ایسے وقت میں لوگوں کو مذہب سے دورکردیاجائے اوراسلامی پاکستان کو سیکولرپاکستان بنادیاجائے ۔وہ جانتے نہیں کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ۔ پیدائش سے پہلے سے لے کر قبر میں جانے کے بعد تک کے قانون موجود ہیں ۔
مصطفی کمال کو لے کر ملکی دانشور طبقہ ایک مرتبہ پھر سے اسٹیبلشمنٹ کو گھسیٹ رہاہے ۔ کیا یہ اسٹیبلشمنٹ کسی دوسرے ملک کی ہے؟اورکیااسی اسٹیبلشمنٹ نے بغیرکسی خوف کے قومی بقا کی جنگ میں لازوال فتوحات حاصل نہیں کیں؟اس وقت اسٹیبلشمنٹ ہماری محبت وتعاون کی مستحق ہے ناکہ شک وشبہ کی ۔عوام اس وقت پاکستانی افواج کو اپنا نجات دہندہ سمجھ رہی ہے ۔ افواج پاکستان اور کچھ تھوڑے سے سیاست دان بھی ببانگ دہل کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی میں ملوث افرادکو ختم کرکے ہی دم لیں گے ۔پاکستان میں ہونے والے دھماکوں،خودکش حملوں،قتل وغارت اور دیگر جرائم میں بالواسطہ یابلاواسطہ ملک دشمن ایجنسیاں لازمی ہوتی ہیں ۔یہ ہماراالمیہ ہے کہ ہم اپنے چند مفادات کی خاطر ان ملک دشمن قوتوں کو آسانیاں فراہم کردیتے ہیں ۔اللہ کی رسی بڑی دراز ہے ۔ اس نے یہ زمین شیطان کونہیں سونپی بلکہ یہاں پر آج بھی اللہ کے مجاہد بندے موجود ہیں جو اپنی جانیں اسلام کی خاطر قربان کرنے کو فخر محسوس کرتے ہیں ۔پاکستان تبدیل ہورہاہے ۔ اندرونی حالت سے بھی اوربیرونی حالت سے بھی ۔ اب ہمیں صرف یہ کرنا ہے کہ ہم اس تبدیلی کو مثبت طرف لے کر جائیں ناکہ منفی رویوں ،منفی سوچوں اور منفی قسم کے نظریات کی بھینٹ چڑھاکر ہم اس تبدیلی کاستیاناس کردیں ۔

  • Blogger Comments
  • Facebook Comments

0 comments:

Post a Comment

Item Reviewed: پاکستان تبدیلی کی جانب گامزن Rating: 5 Reviewed By: Unknown