Tuesday, October 11, 2016

کشمیر کا مسئلہ


پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے معاملے کو لے کر ایک دوسرے پر جنگی ہتھیار آزمانے کی مکمل تیاریاں ہوچکی ہیں۔بھارت کے قبضہ میں کشمیر میں کرفیوکے نفاذ کو 94دن ہوچکے ہیں ۔سری نگر کی جامع مسجد میں مسلسل 13ویں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روک دیا گیا ہے ۔بھارتی جارحیت اس قدر بڑ ھ چکی ہے کہ پہلے 12سالہ جنید کوشہید کیا گیا پھر ا س کے جنازے پر شیلنگ کی گئی جس سے کئی کشمیری زخمی ہوگئے ،عینی شاہدین کے
مطابق شیلنگ اس قدر شدید تھی کہ جنید کے تابوت کوکچھ دیر کے لئے زمین پررکھنا پڑا۔سری نگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب مارچ کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے شیلنگ کے ساتھ ساتھ پیلٹ گن کا استعمال کیا جس سے 100سے زائد افراد شہید ہوئے ۔دوسری طرف کشمیر میں سینکڑوں طلبا ء نے اعلان کردہ امتحانی شیڈول کے خلاف سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پور میں احتجاجی مظاہرہ کیا ،شرکانے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’’پہلے مسئلہ کشمیر کا حل،پھر امتحانات ‘‘درج تھا ۔اب تک 110سے زائد کشمیری شہیدجبکہ 15ہزار سے زائد زخمی اور 700کے قریب کشمیر ی اپنی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں ۔کشمیری طلباء نے بھی آزادی تحریک میں شامل ہوکر اعلان کردیا ہے کہ پہلے آزادی ہوگی پھر امتحان ہونگے ۔
کشمیر کے مسئلے سے نظریں ہٹانے کے لئے اڑی حملہ ہوا جس کے بعد سرجیکل سٹرائیک ڈرامے کا اعلان ہوا جس کے متعلق بھارت کے اندر سے ہی آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔جسے پہلے تو میڈیا نے خوب اچھا لاجس کی وجہ سے بھارت میں ’’کامیاب سرجیکل سٹرائیک ‘‘پر خوشیاں منائی گئی لیکن جیسے جیسے وقت گذرتا گیا جوش ٹھنڈے ہوئے ،لوگوں نے سوچا تو یہ ایک ڈرامہ ہی لگا ۔بھارت نے جس علاقے میں سرجیکل سٹرائیک کا دعوی کیا وہاں کے رہائشی کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول کے اس طرف پہاڑی علاقہ اس طرح کا ہے کہ ہیلی کاپٹر وغیرہ کا آنا ممکن نہیں اور اگر کوئی سرحد پارکرنا چاہے تو کرنہیں سکتا اوراگر کرلے تو واپس جاناممکن نہیں ۔پاک فوج کے ترجمان جنرل عاصم باجوہ ملکی وغیر ملکی صحافیوں کو لیکر لائن آف کنٹرول پہنچے اور دورہ کروانے کے ساتھ ساتھ مبینہ سرجیکل سٹرائیک کی جگہ کا علاقہ دکھایا،لوگوں سے صحافیوں کی ملاقاتیں کروائیں تاکہ صحافیوں تک اصلیت پہنچ سکے ۔جب کہ سرجیکل سٹرائیک کا دعوی کرنے کے باوجود بھارت اب تک ثبوت فراہم کرنے سے قاصر ہے ۔بھارتی سیاست دان سرجیکل سٹرائیک کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنما سیتارام یچوری نے کل جماعتی کانفرنس میں ثبوت دکھائے جانے کے دعویٰ کا انکار کیا کہ ہمیں ایسے کوئی بھی ثبوت نہیں دکھائے گئے ۔نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام پارٹی کے سربراہ اروندکیجری وال نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیک پر دنیا کا میڈیا پاکستان کا ہم آواز بنا ہوا ہے ۔ بھارتی وزیر اعظم کو چاہئے کہ صحافیوں کو ایل اوسی پر لے جائیں اور سرجیکل سٹرائیک کے حوالے سے ثبوت فراہم کریں۔
اُڑی حملہ ٹھیک اس وقت ہوا جب پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرنا تھا ،یہ ایک طرح سے پاکستان پر دباؤڈالنا تھا اور دنیا کی ہمدردیاں حاصل کرنا تھا ۔پاکستان کوتنہا کرنے کی خواہش میں بھارت اپنے ہی لوگو ں کو بے وقوف بنا رہاہے ۔سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ تورچا لیا لیکن اس کے بعد ہونے والی بحث سے چھٹکارہ پانا بھارتی وزیر اعظم کے لئے مشکل ہورہاہے ۔کامیابی کی طرف گامزن سی پیک منصوبہ سے بھارت وپاکستان دشمن عناصر کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد طاقتوں کا توازن تبدیل ہوجائے گا ۔بھارتی بوکھلاہٹ کی وجہ امریکہ ،روس ،چین اوراو آئی سی کی طرف سے ملنے والے پیغام بھی ہیں ۔جن میں زور دیا گیا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر بھارت کو پیچھے ہٹنے کاکہا گیا ہے اور جنگ کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔ بھارتی وزیر اعظم نے کسی ملک کا نام لئے بغیر انہیں یاددلایا ہے کہ بھارت نے کس کس موقع پر ان کی مددکی تھی ۔جنگ مسائل کا حل نہیں ہوتی لیکن جب دشمن جنگ مسلط کردے تو پیچھے ہٹنا مسلمان کی بہادری کے خلاف ہوتا ہے ۔پاکستان بھارتی جارحیت کے باوجود صبر وتحمل سے کام لے رہا ہے ۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے ، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی اسے حل کرنا چاہتا ہے ۔اس وقت عالم اسلام کو پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوکر کشمیر کا مسئلہ حل کروانے کی کوشش کرنی ہوگی تاکہ اس کے بعد دوسرے مسائل پر ہم سب ایک زبان ہوکر دنیا کو اپنی بات منواسکیں ۔ فلسطین کا مسئلہ جہاں یہودیوں کی من مانی وعالمی سازشوں کی مرہون منت ہے وہیں عالم اسلام کے انتشار کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے ۔اب وقت ہے اتحاد کا ،بھائی چارے کا ،کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا تاکہ دنیا کو پیغام مل سکے کہ کشمیر کی پشت پر پورا عالم اسلام کھڑ اہے ۔
  • Blogger Comments
  • Facebook Comments

0 comments:

Post a Comment

Item Reviewed: کشمیر کا مسئلہ Rating: 5 Reviewed By: Unknown